Wise Pakistan

رفح : پناہ گزین کیمپ کو دھماکہ خیز مواد نے نشانہ بنایا جس سے 75 فلسطینی جل گئے اور درجنوں بچوں کی لاشیں ملی

اسرائیلی فوج نے رفح کے مغرب میں ایک پناہ گزین کیمپ پر بڑا حملہ کیا ہے جس میں 75 سے زائد فلسطینی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

اسرائیل نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو نظرانداز کر دیا۔ صیہونی فوج نے رفح کے پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی، جس سے اقوام متحدہ کے کیمپ میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس آگ سے کئی شہری، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں، جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

آتشزدگی کے باعث متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے اور جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ رفح میں ان کے فیلڈ ہسپتال میں مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے جبکہ دیگر ہسپتالوں میں بھی بڑی تعداد میں زخمی منتقل کیے جا رہے ہیں۔

فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے کہا کہ حملہ اتنا ہولناک تھا کہ خیموں میں موجود بہت سے لوگ جل کر ہلاک ہو گئے۔ سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ اس خطے کے ہسپتال اتنی بڑی تعداد میں شہداء اور زخمیوں کی جگہ اور علاج نہیں کر سکتے کیونکہ اسرائیلی حکومت نے غزہ کی پٹی میں صحت کے نظام کو جان بوجھ کر تباہ کر رکھا ہے۔

اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک گھر کو نشانہ بنایا، جس سے 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج نے نصیرات، غزہ سٹی اور تل السلطان کیمپ کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 160 فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ کے جنوبی علاقے رفح سے وسطی اسرائیل کی جانب آٹھ راکٹ داغے گئے۔ پناہ گزین کیمپ وہ جگہ ہے جہاں شمالی غزہ کے بہت سے لوگ رہتے ہیں جنہیں اپنا گھر چھوڑنا پڑا تھا۔
اسرائیل نے اعلان کیا کہ اسرائیلی فوجی طیارے نے گزشتہ شب رفح میں حماس کے ایک گروپ پر حملہ کیا ہے، جہاں حماس کے اہم ارکان حملے کے مقام پر تھے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ایک “مضبوط” فلسطینی حکومت ضروری ہے۔

دوسری طرف ، لبنانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ، کم از کم ایک شہری ہلاک ہوگیا ، اور دوسرا لبنان کے جنوب میں واقع اسرائیلی ڈرون کے حملے کے بعد زخمی ہوا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے 36،000 فلسطینی شہید ہو گئے، اور 80،000 سے زیادہ زخمی، جن میں خواتین اور بچوں کی ایک کثیر تعداد شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں