ماہر فلکیات پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے محرم الحرام کے چاند کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے۔ ان کے مطابق 6 جولائی کو چاند نظر آنے کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ چاند کی پیدائش 6 جولائی کی رات 3 بجکر 57 منٹ پر ہوگی۔ ڈاکٹر جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ 6 جولائی کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر صرف 15 گھنٹے 29 منٹ ہوگی، جو چاند کے نظر آنے کے لیے کافی نہیں ہے۔
ڈاکٹر جاوید اقبال نے مزید بتایا کہ 6 جولائی کو غروب آفتاب کے بعد چاند کا نظر آنے کا دورانیہ صرف 42 منٹ تک رہنے کا امکان ہے اور اس دوران چاند کی اونچائی تقریباً 7 ڈگری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے موسم کی وجہ سے مطلع زیادہ تر ابر آلود رہے گا، جس سے چاند دیکھنے کے امکانات مزید کم ہوجائیں گے۔
ماہر فلکیات نے بتایا کہ محرم الحرام کا چاند 7 جولائی کو نظر آنے کے زیادہ امکانات ہیں کیونکہ اس دن چاند کی عمر زیادہ ہوگی اور مطلع صاف ہونے کی امید ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مون سون کے بادلوں کی موجودگی کے باوجود، 7 جولائی کو چاند دیکھنے کا بہتر موقع ہوگا.